بھٹکل:03؍فروری(ایس اؤ نیوز) برادران وطن کو قریب کرنے اور مساجد کے تعلق سے اُن کی غلط فہمیوں کو دور کرنے جماعت المسلمین بھٹکل کی طرف سے اتوار شام کو مسجد درشن کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں گفتگو کرتے ہوئے اُڈپی ضلع مسلم وکوٹا کے صدر محمد یاسین ملپے نے کنڑا زبان میں مسجد، اذان، وضو اور نماز کے تعلق سے مکمل معلومات فراہم کی اور غیر مسلم مہمانوں کو بتایا کہ مسجد فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مساوات کا مرکز ہوتا ہے۔
یاسین ملپے نے بتایا کہ آج یہاں مسجد میں جس طرح ہندو ، مسلم، عیسائی مل بیٹھے ہیں یہ وہی پیغام ہے جو اسلام پیش کرتاہے۔اللہ کے نبی ﷺ نے مسجدوں سے بھائی چارگی کا پیغام عام کرنے کاحکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مثالی معاشرہ کی تشکیل اسی طرح ہوتی ہے جہاں ہر دھرم کے لوگ موجود رہتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسجدوں میں امیرغریب، لاچار، مجبور، بے سہارا سبھی ایک صف میں کھڑے ہوکر نماز ادا کرتےہیں اس طرح نماز کے لئے آنے والے ایک دوسرے کے دکھ دردسے آشنا ہوتاہے ایک دوسرے کے کام آتاہے۔ اس کے بعد انہوں نے وضو، اذان، نماز کے طریقہ کار اور اس میں پڑھی جانے والی قرآن کی آیات اور تسبیحات کا مطلب بزبان کنڑا سمجھایا۔موجودہ حالات پر بات کرتےہوئے یسین ملپے نے کہاکہ کسی ملک اور شہر کی ترقی کے لئے سبھی دھرموں کے درمیان میل ملاپ ، پیار ومحبت کا ہونا ضروری ہے، اگر یہ نہیں ہے تو کسی ملک ،شہر کی بربادی کے لئے کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہےکیونکہ آپسی نفرت، دشمنی ہی اس کو برباد کردیتی ہے۔ انہوں نے ملک میں انسان ، انسان کی جان کا دشمن بننے والے حالات پر سبھی کو غور کرنے کی اپیل کی۔
سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک نے آپسی اعتماد میں کمی کو حالات کے خراب ہونے کی وجہ بتایا۔ انہوں نے کہاکہ دیگر مقامات کے برعکس بھٹکل میں عام طورپر ہندو مسلمانوں کا آپسی میل جول نہیں ہے اس کو رواج دینے کی ضرورت ہے۔کوئی بھی ہو آگ لگانے کا کام نہ کریں خاص کر اس سلسلے میں نوجوانوں پر زیادہ توجہ دینے کی اپیل کی۔ اترکنڑا جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ نےآپسی بھید بھاؤ دور کرنے کے لئے مسجد درشن پروگرام کو بے حد مفید بتایا اور کہا کہ راہ بھٹکے نوجوانوں کو اس سلسلے میں بیداری پیدا کرنےکی ضرورت ہے۔
علی میاں اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی افتتاحی کلمات پیش کئے۔ ساحل آن لائن شعبہ کنڑا کے صحافی محمد رضامانوی نے عشاء کی اذان کے بعد اذان کا مفہوم کنڑا میں پیش کیا۔ پھر اس کے بعد سبھی برادران وطن نے عشاء کی نماز کا نظارہ کیا۔ جماعت المسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولانا طلحہ رکن الدین ندوی نے استقبال کیا ، عبدالسمیع نے نظامت کی۔ جامعہ کے ناظم محمد شفیع شاہ بندری پٹیل نے شکریہ اداکیا۔ جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب صدر ایس جے ہاشم، چیف قاضی مولانا محمد اقبال ملا ندوی ، نائب قاضی مولانا عبدالعلیم قاضیا ندوی ، موگیر سماج کے کے ایم کرکی وغیرہ موجود تھے۔ پروگرام کے بعد برادران وطن کے لئے طعام کا انتظام کیاگیا تھا۔